کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسکولوں کی سطح پر منعقدہ ٹورنامنٹس قوی کھیل کی آبیاری کریں گے ۔ ان خیالات کااظہار پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے زیر اہتمام کراچی ہاکی ایسو سی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ چو تھے پاکستان ہاکیز گلوری اسکول ٹورنامنٹ کے 8ویں روز مہمان خصو صی عظیم ماربل کے سی ای او کلیم نفیس نے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ اسکو ل کی سطح پر کھیل نر سری کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ یہیں سے کلب پھر ضلعی و صوبائی سطح پر ٹیموں کو کھلاڑی میسر آسکیں گے ۔ بلکہ یہی کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بھی بنیں گے ۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں حبیب پبلک اسکول نے پا کستان اسٹیل کیڈٹ کالج کو 4-1 سے شکست دے دی ۔ فاتح ٹیم کے احضام علی نے ہیٹ ٹریک سمیت 4 گول اسکو ر کئے جبکہ پاکستان اسٹیل کیڈٹ کالج کا واحد گول عبد الصمد نے کیا ۔دوسرے میچ میں بی وی ایس پارسی اسکول نے قمر بنی ہاشم اسکول کو 3-0 سے ہرا دیا فاتح ٹیم کے عبد اللہ نے اایک گول کیا ۔ ٹورنامنٹ میں لیگ میچز کے اختتام کے بعد آج پہلا سیمی فائنل غلامانِ عباس اسکو ل اور پاکستان اسٹیل کیڈٹ کالج دوسرا سیمی فائنل حبیب پبلک اسکول اور شمیم پبلک اسکول کے مابین کھیلا جائے گا ۔ ان سیمی فائنلز کے مہمان خصو سی اولمپئن حنیف خان اور اقبال وحید ہوں گے ۔
