کراچی/لاہور(نمائندگان جسارت) ممتاز مذہبی اسکالر، سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ نبی کریم ؐ کو اللہ تعالیٰ نے بھیجا ہی اس لیے ہے کہ ان کی اتباع کی جائے اور ہر لمحہ اتباع کی جائے اور آپ ؐ نے دنیا سے جاتے وقت یہ فرمایا تھا کہ میں تمہیں دین اسلام دے کر جا رہا ہوں، روشن راستہ تمہیں دکھا کر جا رہا ہوں، روشن نظام دے کر جا رہا ہوں، ہر معاملے
میں رسول ؐ نے رہنمائی دی ہے، صاحب اقتدار کا کیا رویہ ہوتا ہے وہ حضور اکرم ؐ نے کرکے دکھایا ، مشکل، آزمائش اور مصیبت کی گھڑی میں مومن کی کیا شان اور استقامت ہوتی ہے وہ کرکے دکھایا اور انتہائی کامیابی کے وقت اس کے اندر کیا عاجزی اور انکسار ہوتا ہے اس کا عملی نمونہ پیش کیا، دشمنوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا جاتا ہے دوستوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا جاتا ہے، کمزور اور زیر دستوں کو کس طرح اٹھایا جاتا ہے، ظالموں کو کیسے چیلنج کیا جاتا ہے، ان سب کا عملی نمونہ پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم گلبرگ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی کے اجتماع ارکان اور جماعت اسلامی علاقہ بفرزون مسلم ٹائون کے زیر اہتمام مدرسۃ البنات نزد مسجد طحہٰ بفرزون میں ’’رحمۃ العالمین ؐ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا کہ آج کی یہ محفل دنیا کے سب سے عظیم انسان، ہمارے محسن رسول پاک ؐ کی سیرت اور ان کی زندگی کے گوشوں کی تذکیر کے لیے منعقد کی گئی ہے، قرآن پاک میں ارشاد ہے، ’’کہ ہم نے آپ کے ذکر کو بلند کیا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمان و تقویٰ کا ہر وہ معیار جو قرب خداوندی کا ذریعہ بن سکتا ہے اس کی قبولیت اور تصدیق بارگاہ نبوی ؐ سے وابستہ ہے، آپ ؐ کی اطاعت درحقیقت اللہ کی اطاعت ہے۔ آپ کی رضا رضائے الٰہی کا مظہر ہے۔سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے اس موقع مقابلہ حسن قرأت، حمدو نعت میںنمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔علاوہ ازیں حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے پوری قوم کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سا مناکرنا پڑا۔حکومت نے قومی اداروں کی بے توقیری کرکے ملک و قوم پر ایک سیاہ دھبہ لگانے کی کوشش کی ۔کشمیر پر حکمرانوں کی مسلسل خاموشی نے ثابت کردیا ہے کہ یہ بزدل دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرسکتے۔کشمیر اور فلسطین میں مظالم پر عالمی طاقتوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔مسلمانوں کے خلاف تعصب اور اسلاموفوبیا میں مبتلا استعماری قوتوں نے دنیا بھر کے امن و سکون کو برباد کردیا ہے۔
حافظ ادریس
