مظفرگڑھ /لاہور(اے پی پی/آن لائن) مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو، ہیڈ تونسہ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی تیز رفتاری سے دوسری ٹریکٹر ٹرالی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے الٹ گئی۔ ٹریکٹر ٹرالی پر سوار 4 خواتین اور ایک بچہ موقع پر جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئیں۔ خواتین 2 ٹریکٹر ٹرالیوں پر کپاس چننے کے لیے جا رہی تھیں،حادثہ ٹریکٹر ٹرالی کا ایک دوسرے کو اوور ٹیک کرتے ہوئے پیش آیا۔ ایک ٹرالی میں 40 سے 50 خواتین سوار تھیں۔ ریسکیو 1122 کوٹ ادو کی ایمبولینسز نے جاں بحق خواتین کی نعشوں کو لواحقین کے
گھر منتقل کر دیا اورخواتین کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق خواتین میںانیسہ ،پروین مائی ، بختاور اور نزر مائی ،جبکہ10 سالہ محمد عمران شامل ہیں۔ زخمی وزیراں مائی،حاجراں مائی اور کلثوم مائی شامل ہیں۔تھانہ پولیس کوٹ ادو نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے اور ڈرائیورز عباس اور اشفاق کو گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیر اعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔
