اسلام آباد(اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمن ملک نے عراق میں پھنسے 70 پاکستانیوں کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے و بیورو آف ایمگریشن کو ہدایت کی ہے کہ عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ سینیٹر رحمن ملک نے یہ نوٹس عراق میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی مددکے لیے اپیل پر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عراق میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو فوری طور پر بحفاظت پاکستان پہنچانے کے لیے انتظامات کیے جائیں۔رحمن ملک ایف آئی اے اور بیورو آف ایمگریشن کو گلیم انٹرنیشنل و دوسرے غیر قانونی ایجنٹوں کے خلاف کارروائی
کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ایف آئی ائے و بیورو آف امیگریشن ایجنٹوں کو عراقی حکومت کی طرف سے شائع اجازت نامہ و تفصیل کمیٹی کو پیش کرے۔ان کا کہنا تھا کہ جن پروٹیکٹرز نے ان ایجنٹوں کے اجازت ناموں کی تصدیق کی ہے ان کی تفصیل بھی کمیٹی کو مہیا کی جائے۔گلیم انٹرنیشل 3لاکھ 60ہزار فی کس میں 70 پاکستانیوں کو عراق لے کرگیا اور اب پاکستان پہنچانے کے لیے پھنسے ہوئے پاکستانیوں سے مختلف ایجنٹس پیسے مانگ رہے ہیں۔
