English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون سرمد کی سنچری وقاص کے 5 شکار

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم ہے۔ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر خیبرپختونخوا کی ٹیم پہلی اننگز میں255 رنز کے خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے ۔ سرمد بھٹی کی سنچری اور وقاص احمد کی عمدہ بولنگ نے میچ میں ناردرن کی گرفت مضبوط کردی ہے۔ منگل کے روز کھیل کے اختتام پر ناردرن کے 411 رنز کے جواب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 6وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنالیے۔ ناردرن کے فاسٹ بولر وقاص احمد 5وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ کپتان فخر زمان 66رنز بناکراب تک خیبرپختونخوا کے سب سے نمایاں بیٹسمین ہیں۔ ریحان آفریدی 19 اور مہران ابراہیم 2 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل ناردرن نے 5وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز سے دوسرے روز کا آغاز کیا تو سرمد بھٹی نے اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔ ناردرن نے اپنی پہلی اننگز 106.4اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنزبناکر ڈکلیئر کردی تھی۔ خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجد خان نے 4وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں میچ کے دوسرے روز بھی سنٹرل پنجاب کے بلے باز چھائے رہے۔ احمد شہزاد اور عبداللہ شفیق کے بعد عثمان صلاح الدین اور محمد سعد نے شاندار سنچریاں اسکور کرکے پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کا مجموعہ 597 تک پہنچا دیا۔ سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد نے 170 اوور ز میں9وکٹو ں کے نقصان پر 597 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ جواب میں سدرن پنجاب نے ایک وکٹ کے نقصان پر 23 رنزبنالیے۔ میچ کے دوسرے روز سنٹرل پنجاب کی جانب سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے عثمان صلاح الدین 114 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد سعد نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے سلمان علی آغا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں سدرن پنجاب کی جانب سے اننگز کا متاثر کن نہ رہا اور8 کے مجموعی اسکور پر اوپنر سمیع اسلم پویلین واپس لوٹ گئے۔ عمر صدیق 10 اور ذیشان اشرف 7 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ادہر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ میں بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز 9وکٹوں کے نقصان پر 471 رنزبناکر ڈکلیئر کردی۔ جواب میں سندھ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 71 رنزبنالیے ہیں۔ 2وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز سے میچ کے دوسرے روزاپنی پہلی اننگز کا آغاز کرنے والی ٹیم بلوچستان کی جانب سے عماد بٹ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ 106 رنز پر مشتمل ان کی اننگز میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔آصف ذاکر نے 53 رنز اسکور کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت قائم کی۔ سندھ کی جانب سے میرحمزہ نے 4 اور سہیل خان نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سندھ کی پہلی وکٹ 7کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب عمیر بن یوسف تاج ولی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد خرم منظور اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 64 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی ہے۔ خرم منظور40 اور سعود شکیل 30 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے