English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بڑھتی مہنگائی کی لہر سے عوام تنگ آ چکے ہیں،مرتضیٰ وہاب

وفاقی حکومت کے اقدامات سے لگتا ہے اس کا مشن عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنا ہے
قومی مالیاتی ادارے کی رپورٹس خطرے کا الارم ہیں، ترجمان سندھ حکومت کی کڑی تنقید
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی لہر سے عوام تنگ آ چکے ہیں، وفاقی حکومت کے اقدامات سے لگتا ہے اس کا مشن عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے نرخوں میں دن بدن اضافہ کیا جارہا ہے ، اشیائے خور و نوش عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں جبکہ وفاقی حکومت کے وزرا سب اچھا ہے کا راگ الاپنے میں مصروف ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹیکس وصولی میں ناکامی کا بڑھتا ہوا گراف ملک کی اقتصادی صورتحال کی عکاسی کر رہا ہے، جبکہ قومی مالیاتی ادارے کی رپورٹس بھی معاشی صورتحال کے حوالے سے خطرے کا الارم بجا رہی ہیں مگر حکمرانوں بشمول وزیر اعظم کی ساری توجہ سیاسی انتقام اور یو ٹرن پر ہے، جس کی وجہ سے حالات بد سے بد تر ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب نہ کرنا سیاسی بددیانتی ہے جس سے اٹھارہویں ترمیم کی روح مجروح ہو رہی ہے اور اس کی وجہ سے صوبوں کو ان کے حقوق ملنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کرتے ہوئے جمہوری روایات کو دوام بخشا،ہم نے کبھی بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی،تاریخ گواہ ہے پیپلز پارٹی کا ہر کارکن ملک اور آئین کے لیے اپنی جان نچھاور کرنے کو تیار رہتا ہے۔ ہم تحریک انصاف کے آمرانہ اقدامات کا بے خوفی سے ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے