نیوزی لینڈ میں 27 سالہ لڑکی نے الٹی کرنے کی کوشش کے دوران غلطی سے کھانے کا کانٹا نگل لیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کو کانٹا نگلنے پر فوری طور پر اسپتال کے ایمرجنسی میں منتقل کیا گیا جہاں ایکسرے سے انکشاف ہوا ہے کانٹا ان کے معدے میں موجود ہے جسے نکالنے کے لیے آپریشن کرنا پڑا۔
ڈاکٹرز نے ابتدائی طور پر دو مرتبہ اینڈوسکوپی کے ذریعے کانٹا منہ کے راستے نکالنے کی کوشش کی تاہم دونوں کوششیں ناکام رہیں۔
بعدازاں سرجنز نے لیپروسکوپک سرجری کی مدد سے تقریباً 4 سینٹی میٹر کا چیرا لگا کر کانٹا کامیابی سے نکال لیا۔
ڈاکٹر جیسی فشر کے مطابق یہ حیران کن تھا کہ اتنا بڑا کانٹا خاتون کے معدے تک کیسے پہنچ گیا، تاہم خوش قسمتی سے معدے میں سوراخ نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون کی صحت یابی میں کوئی پیچیدگی پیش نہیں آئی اور آپریشن کے دو روز بعد انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
ڈاکٹرز نے خبردار کیا کہ غیر ضروری اشیا نگلنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور اس کے لیے سرجری بھی کرنا پڑ سکتی ہے۔