اسلام آباد (صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے کہاہے کہ سندھ حکومت ختم کرناممکن نہیں‘ گورنر راج کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا‘ عمران خان نواز شریف کوباہر بھیج کرکہتے ہیں نہیںچھوڑوں گا ،دباؤ کے باوجود حکومت کو للکاریں گے،وزیر اعظم کرپشن ایپ کابینہ پر لاگو کریں۔اسلام آباد میں پمز اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدالتوں سے انصاف ملے گا اور آصف زرداری کو وہ سہولتیں ملیں گی جو ہر پاکستان کے شہری کاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے زبان بندی کے حربے جاری ہیں لیکن ہم حکومت کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔27دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی برسی لیاقت باغ میں منائی جائیگی اورعوام سلیکٹڈ حکومت کو للکاریں گے ۔ پاکستان کے عوام کٹھ پتلی تماشے نہیں دیکھنا چاہتے بلکہ اپنے مسائل کاحل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم اینٹی کرپشن ایپ کا افتتاح کررہے تھے لیکن کیا عمران خان پاناما میں آنیوالوں ناموں اوراپنے نااہل ڈپٹی وزیر اعظم کا احتساب کرچکے ہیں؟ وزیراعظم کرپٹ لوگوں کو دھونڈنے کے لیے موبائل ایپ لانچ کررہے تھے لیکن انہیں اپنے ارد گرد بیٹھے کرپٹ لوگ نظر نہیں آرہے، بی آرٹی مالم جبہ کیس کی آج تک کوئی تفتیش نہیں ہوئی، اپنی جعلی حکومت بچانے کے لیے سمجھوتے کرتے ہیںانہوں نے کہا کہ عمران خان ایسے ہی سلیکٹڈ ہیں جیسے سلیکٹڈ ماضی میں آتے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نا اہل حکومت کی وجہ سے عوام پریشان ہیں، حکومت سیاسی مخالفین پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے ، عمران خان نواز شریف کوملک سے باہر بھیج کرکہتے ہیں کہ چھوڑوں گا نہیں۔ بلاول زرداری نے کہا کہ نوازشریف کو سزا ہوچکی تھی اور آصف زرداری پر صرف الزامات ہیں اور کوئی الزام ثابت بھی نہیں ہوا لیکن وہ پھر بھی جیل میں ہیں، آصف زرداری نے مجھے بتایاہے کہ میڈیکل بورڈ ز کی ابھی تک رپورٹس نہیں آئیں ، رپورٹس آنے کے بعد عدالت فیصلہ کرے گی اور اگر طبی وجوہات پر ضمانت ملی تو آصف زرداری کوعلاج کے لیے کراچی منتقل کریں گے، امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے ، اس کاخواب ہے کہ سندھ پر بھی ایک کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ ہو لیکن ہر بار وفاقی حکومت کی کوشش ناکام ہوئی ہے ۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کے پاس تاریخی مینڈیٹ ہے ، کئی بار پیش گوئیاں کی گئیں کہ سندھ حکومت جارہی ہے،لیکن اب بھی قائم ہے ،سندھ سے پیپلز پارٹی کی حکومت ختم کرنا ممکن نہیں ہے کیونکہ ہمارے 99ارکان صوبائی اسمبلی ہیں،سندھ میں گورنرراج وفاقی حکومت کا خواب ہے۔
بلاول
