کراچی: بدعنوانی کے مقدمات میں ضمانت پر رہائی کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری بغیر استحقاق سندھ حکومت کے سرکاری طیارے میں اسلام آباد سے کراچی پہنچے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق صدر پاکستان آصف زرداری کو لانے والے طیارے لیزر جیٹ 45 نے اسلام آباد ائیرپورٹ سے شام 7 بج کر 25 منٹ پر ٹیک آف کیا، یہ خصوصی فلائٹ کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمنل ون پر رات 9 بج کر 9 منٹ پر لینڈ ہوئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ سفر کیا۔سندھ حکومت کا یہ طیارہ وزیراعلیٰ سندھ کو خصوصی سرکاری سفر کے لیے دیا گیا ہے تاہم اپنے سیاسی قائد کو لینے کے لیے وہ یہ طیارہ لے کر اسلام آباد پہنچے۔
وزیر اعلی سندھ نے اپنے اسلام آباد کے سفر کا کوئی اور سرکاری جواز بھی ظاہر نہیں کیا، مراد علی شاہ خود آصف علی زرداری کو لےکر ائیرپورٹ پہنچے۔ سندھ حکومت کے طیارے ایل جے 45 نے غیر معمولی رفتار سے کراچی کا سفر کیا اور حیرت انگیز طور پر طیارے کا کوئی فلائٹ کوڈ نہیں تھا، فلائٹ اسٹیٹس میں پرواز کے اُڑنے کا مقام اور منزل بھی ظاہر نہیں تھی۔
40 ہزار فٹ سے زائد کی بلندی پر سفر کرتے ہوئے لیزر جیٹ 45 اسلام آباد ائیرپورٹ سے اڑان کے بعد ایک گھنٹہ 45 منٹ میں کراچی پہنچا۔

