ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے نائب امیر ممتاز سہتو اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالقدوس احمدانی نے کہا ہے کہ نظام عدل کی ناکامی کی وجہ سے سانحہ لاہور اور اسلام آباد پیش آیا جب تک قرآن وسنت کا نظام نہیں نافذ ہوگا عوام کو انصافی نہیں ملے گا ۔یہ بات انہوں نے ٹنڈوجام میں جماعت اسلامی کے اجتماع سے اور عثمان شاہ میں کارکنان جماعت اسلامی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ لاہور میں وزیراعظم کے بھانجے ملوث تھے لیکن نظام عدل جو کہ بوسیدہ ہو چکے جس میں مظلوم آدمی کو انصاف ملنا ممکن نہیں رہا ہے اس کی وجہ سے انھیں ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے فون کرکے اپنے وزیر کی تو خریت پوچھ لی لیکن اُن افراد سے تعزیت نہیں کی جن کے افراد وکلا کی غنڈہ گردی کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ کے پر امن پروگرام کے دوران نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ پر قاتلانہ حملہ جس میں جمعیت کا ایک رکن شہید ہوا اس بات کی دلیل ہے کہ ملک میں امن امان کی حالت انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے کہا عوام کے اندر اسلام سے بڑھتی محبت دیکھ کر اسلام مخالف تحریکوں کی باقاعدہ سرپرستی کرکے انھیں بڑھایا جارہا ہے اور وہ جانتے ہیں ان کی راہ کی سب سے بڑی رکاوٹ جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک میں قرآن وسنت کے نظام کو قائم کیا جائے اس نظام کے ذریعے ہی ملک ترقی کرے گا اور ہر ایک کو اس کا حق حاصل ہو گا اور اس کی وجہ سے ملک میں فرقہ واریت اور لسانیت ختم ہو گی۔ جلسے سے حافظ غیوراحمد ، سہیل شارق ،رائو طارق، حماد علی بہادر، لیاقت بروہی اورحافظ ثنااللہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
