ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالٰہیار پولیس کی جانب سے کوسٹر اونر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے رہنما کی گرفتاری اور لاپتا کیے جانے کیخلاف ٹرانسپوٹروں اور شہریوں کا تھانہ اے سیکشن اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، پولیس کیخلاف سخت نعرے بازی۔ احتجاجاً کل میرپورخاص سے حیدرآباد کے روٹ پر چلنے والی مسافر کوسٹر بند کرنے کا اعلان کردیا۔ پولیس کی جانب سے نیو چاند کوسٹر کمپنی کے مالک ٹنڈوالہٰیار کوسٹر اونر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری زبیر یوسف قائم خانی کی گرفتاری کے بعد لاپتا کرنے کیخلاف سہیل یوسف قائم خانی، گل محمد سولنگی، ساجد قائم خانی کی قیادت میں تھانہ اے سیکشن اور پریس کلب کے سامنے ٹرانسپوٹروں اور شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرین نے پولیس اور انتظامیہ کیخلاف سخت نعرے بازی کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر زبیر یوسف کی رہائی کے نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل یوسف، گل محمد سولنگی، ساجد قائم خانی ودیگر نے کہا کہ تین روز سے زبیر یوسف قائم خانی کو پولیس نے بلاجواز گرفتار کرکے لاپتا کردیا ہے، زبیر قائم خانی کیخلاف نہ کوئی مقدمہ ہے نہ کوئی این سی داخل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زبیر یوسف قائم خانی ٹرانسپورٹر ہے، اس نے ضلعی انتظامیہ کیخلاف ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کی ہوئی ہے، پٹیشن واپس لینے کے لیے بلاجواز اٹھا کر دبائو ڈالا جارہا ہے جب کہ دوسری جانب کوسٹر اونر ٹرانسپورٹ یونین حیدرآباد تا میرپور خاص کے جنرل سیکرٹری کفایت قائم خانی نے زبیر یوسف کی گرفتاری اور لاپتا کرنے کیخلاف کل مسافر کوسٹروں کو بند کرنے کا اعلان کردیا، مظاہرین نے آئی جی سندھ سے فوری طور پر زبیر قائم خانی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
