تلہار (نمائندہ جسارت) تلہار میں انکم سپورٹ پروگرام کی سلسلہ وار قسط جاری، بائیو میٹرک ڈیوائسز دیہات میں چلنے لگیں، مستحقین شہر کے راستوں پر دربدر ہونے لگے، دکانداروں نے کمائی کا واحد ذریعہ انکم سپورٹ پروگرام بنا لیا، فی کارڈ پر 200 سے 500 روپے کٹوتی ہونے لگی، جبکہ ضلع کا واحد انکم سپورٹ پروگرام سینٹر تلہار میں موجود ہونے کے باوجود ضعیف العمر اور معصوم بچوں کے ہمراہ خواتین سخت سردی میں در در بھٹکتی نظر آنے لگیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ انکم سپورٹ پروگرام سینٹر انچارج بھی ایک دن پوچھ گچھ کی بعد شہر سے گم ہوگیا ہے جبکہ نجی بینک ایچ بی ایل کنیکٹ کے افسران بھی سننے کو تیار نہیں، ہم رقم وصول کرنے کے لیے کبھی سخت پریشان ہیں، دکاندار چکر لگوا رہے ہیں۔ انہوں نے انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن، اسٹیٹ بینک و دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی کٹوتی کرنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی جائے اور مستحقین کو با آسانی رقم دلائی جائے۔
