English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جنرل اسمبلی: کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے قرارداد منظور

القمر

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کشمیریوںکے حق خود ارادیت اور بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے ان کی جدو جہد کو ایک بار پھرقانونی جواز کی فراہمی پر مبنی پاکستانی قرار داد کی منظوری دے دی۔ پاکستان سمیت 81 ممالک کی اسپانسر کردہ قرار داد میں دنیا کے مختلف ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ دوسرے ملکوں اور علاقوں پر قبضے اور وہاں فوجی مداخلت فوری ختم کریں اور جبر ،امتیازی سلوک اور لوگوں سے بدسلوکی فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔قرار داد کے مسودے کی منظوری 193رکنی جنرل اسمبلی کی سماجی، انسانی اور ثقافتی امور سے متعلق تیسری کمیٹی نے گزشتہ ماہ دی تھی۔ قرارداد کی منظوری سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تمام لوگوں کے حقوق بشمول نوآبادیاتی اور غیر ملکی تسلط میں رہنے والوں کا حق خود ارادیت انسانی حقوق کی مؤثر ضمانت اور بنیادی شرط ہوگا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے قرار داد کی منظوری کے بعد اے پی پی سے گفتگو میں کہا کہ اپنے ناقابل تنسیخ حق حق خودارادیت پر مبنی کشمیریوں کی غیر ملکی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کے قانونی جواز کی توثیق اقوام متحدہ کے فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے اور ان کے مصائب کو اجاگر کرنے کے عزم کے تحت اٹھائے گئے پاکستان کے اقدامات کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے دیگر اقدامات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دگرگوں صورتحال، بے چینی اور اس پس منظر میں پاکستان کے خلاف ممکنہ بھارتی جارحیت کے خطرات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کو بتادیا ہے کہ بھارت نے مقبوٖضہ کشمیر میں 8 لاکھ80 ہزار فوجیوں کی تعیناتی، تمام بنیادی انسانی آزادیوں اور حقوق کو سلب کرنا اور مواصلات کے تمام ذرائع کی معطلی سے اس علاقے میں دہشت کا راج قائم کر رکھا ہے، پاکستان واضح کر چکا ہے کہ 5 اگست کے بعد بھارتی اقدامات کالعدم ہیں اور ان سے ریاست جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستانی قرار داد کی منظوری سے ایک بار پھر غیر ملکی فوجی مداخلت ، جارحیت اور غاصبانہ قبضے کے اقدامات کی واضح مخالفت کا اظہار کر دیا ہے ، جنرل اسمبلی نے لاکھوں مہاجرین اور بے گھر افراد کو درپیش مصائب و آلام کی مذمت کی اور ان کی اپنے گھروں کو بحفاظت اور باوقار انداز میں واپسی کے اقدامات کے عزم کا اظہار کیا۔ جنرل اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کے حق خود ارادیت کو سلب کرتے ہوئے کسی علاقے پر قبضہ برقرار رکھنا اقوام متحدہ کے چارٹر کی واضح خلاف ورزی ہے۔غیرملکی اور نوآبادیاتی تسلط کے زیر اثر رہنے والوں کو اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدو جہد میں ہر قسم کی اخلاقی اور مادی مدد حاصل کرنے کا حق ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے