طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ لیبیا کی قومی وفاقی حکومت نے دارالحکومت طرابلس کی جانب باغی حفتر ملیشیا کی پیش قدمی کے تناظر میں ترکی سے فوجی مدد فراہم کرنے کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔ الجزیرہ نے جمعرات کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لیبیا کی حکومت نے ترکی سے عسکری اور لوجسٹک امداد طلب کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان طے پائے تعاون کے معاہدے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے ہمسایہ اور خطے کے دیگر ممالک کے مزید مشتعل ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیبیا نے امریکا، برطانیہ اور اٹلی سے بھی لاجسٹک مدد مانگی ہے۔ دوسری جانب طرابلس پر قبضے کے لیے قومی وفاق حکومت اور حفتر ملیشیا کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ حفتر ملیشیا نے قومی وفاق حکومت کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ طرابلس کے اطراف میں کئی مقامات پرمتحارب فریقین کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی ایک فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ فریقین ایک دوسرے کے خلاف بھاری اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں کا استعمال کرر ہے ہیں۔
