کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے مابین 2 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگزمیں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 5 اور محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی ۔ مہمان ٹیم کو پاکستان پر 80 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔اس سےقبل نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلےجانے والےتاریخی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں لمبا اسکورکرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 191 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی تھی ۔قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز سلامی بلے باز شان مسعود اور عابد علی نے کیا تاہم شان محض 5 رنز بنا کر وشوا فرنینڈو کی گیند پر بولڈ ہوگئےتھے۔
قومی ٹیم کی پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد کپتان اظہرعلی کریز پر آئے، ان کا سفر بھی زیادہ طویل ثابت نہ ہوسکا اور وہ دوسری ہی گیند پر فرنینڈو کی اندر آتی ہوئی گیند پر بولڈ ہو گئے۔قومی ٹیم کی بیٹینگ لائن کو سبھالنے کی غرض سے بابراعظم کریز پر آئے، عابد اور بابر کے درمیان 55 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم کمارا کی اندر آتی ہوئی گیند عابد آؤٹ ہوگئے۔
کھانے کے وقفے کے بعد بابر اور اسد شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، اس دوران بابر نے اپنی نصف سینچری مکمل کی تاہم وہ اپنی اننگز کو طوالت دینے میں ناکام رہے اور 60 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے۔اس دوران محمد رضوان 4 اور یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ اسد شفیق نصف سینچری اسکور کرنے کے بعد لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور وہ بھی کمارا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
سری لنکا کی جانب لاہیرو کمارا اور لاہیرو ایمبلڈینیا نے 4،4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ویشوا فرنینڈو نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

