کراچی: پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی ۔ سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے 263 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا۔
کراچی ٹیسٹ میں پانچویں اور آخری دن کے کھیل کا آغاز ہوتےہی ابتدائی 3 اوورز میں پاکستان نے بغیر کوئی رن دیئے 3 سری لنکن بلے بازوں کو پولین کی راہ دیکھائی اور سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 475 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پوری مہمان ٹیم 212 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی اور یوں پاکستان نے 263 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی۔آج جب کھیل شروع ہوا تو نسیم شاہ نے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر پریرا کی وکٹ حاصل کی، دوسرے اوور میں یاسر شاہ نے امبل دینیا کو آؤٹ کیا جبکہ تیسرے اوور میں نسیم نے کمارا کو آؤٹ کرکے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگ میں سب سے کامیاب بولر نسیم شاہ رہے انہوں نے 12اعشاریہ 5 اوور میں 31 رنز دے کر 5 بلے بازوں کو پویلین روانہ کیا، جبکہ یاسر شاہ نے 2، عباس ، شاہین اور حارث نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلی اننگ میں شاہین شاہ نے 5 شکار کیے تھے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز میں ریت کیدیوار ثابٹ ہوئی تاہم دوسری اننگز میں ٹاپ 4 بلےبازوں نے کم بیک کرتے ہوئے سنچریوں کے ریکارڈ قائم کردئیے ۔ٹیسٹ میچ میں بیٹسمینوں کی سنچریوں کے ریکارڈ کے بعد چوتھے دن بولرز کا راج رہا اور چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پرسری لنکا نے دوسری اننگز میں 7 وکٹ پر 212 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے کیریئر کا چوتھا ٹیسٹ کھیلنے والے اوشاڈو فرنینڈو نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی، چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر وہ 102 رنز بناکر کریز پر موجود تھے اور سری لنکا کو شکست سے بچنے کے لئے264رنز درکار تھے جبکہ اس کی 3 وکٹیں باقی تھیں۔
چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے31رنز دے کر 3 وکٹ حاصل کیے یہ ان کی بہترین ٹیسٹ بولنگ ہےجبکہ عابد علی اور شان مسعود کے بعد کپتان اظہر علی نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھویا اور ایک سال بعد ساتویں ٹیسٹ کی 14ویں اننگز میں سنچری کا اعزاز حاصل کیا۔
اظہر علی نے گزشتہ سال دسمبر میں ہی نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی، بابر اعظم نے مسلسل دوسرے اور چوتھے ٹیسٹ میں تیسری سنچری اسکور کی ہے۔چار سنچریوں کی بدولت پاکستان2019کے آخری ٹیسٹ میں پہلی جیت کی جانب گامزن ہے، پاکستان نے اس سے پہلے 13 ماہ قبل نیوزی لینڈ کو دبئی ٹیسٹ میں ہرایا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے ہوم گرأونڈ پر 27 سال بعد سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے۔ اس سے قبل 1992 میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے سری لنکا کو ہوم گراؤنڈ پر آخری بار ہرایا تھا اس کے بعد سری لنکا نے پاکستان میں 2 سیریز جیتیں اور 2 ڈرا کی تھیں ۔

