کراچی (سید وزیر علی قادری)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شائقین کی گزشتہ 3روز کے مقابلے میں ریکارڈ حاضری، ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے اتوار کو صبح سے ہی فیملیز جوق در جوق اسٹیڈیم کے مختلف انکلوثرز میں آنا شروع ہوگئے تھے ۔لنچ کے بعدوی آئی پی انکلوثر پر موجود لیجنڈ کرکٹرز کے ساتھ بچوں نے سیلفی بنوائی اور ان سے ذاتی سے لے کر کرکٹ کے دور تک کے سوالات پوچھ ڈالے، یہ ہی نہیں بلکہ ان کی کارکردگی سے متعلق ڈیٹا دیکر ان کو حیران بھی کردیا۔ سابق لیجنڈ کرکٹر اور کمینٹریٹر رمیز راجہ نے اس کوقع پر کہا کہ اتنی معلومات تو ہمیں بھی یاد نہیں ، آج کے بچے ہم سے زیادہ ہوشیار ہیں،پاکستان کرکٹ بورڈ کے عتاب میں آئے ہویے کراچی سے تعلق رکھنے والے سابق کپتان سرفراز احمد میڈیا باکس آئے کافی دیر تک صحافیوں کے ساتھ بیٹھے رہے۔ تاہم کسی بھی قسم کے سوالات کا جواب دینے سے احتراز کیا۔ دیگر انکلوثرز میں موجود تماشائیوں نے سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور نعرہ تکبیر اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد کے نعرے وقتا فوقتا لگاتے رہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے فواد عالم کی ٹیم میں واپسی پر خوش مگر نہ کھلا نے پر شائقین ناراض نظر آئے اس کے علاوہ سرفراز احمد کی ہر فارمیٹ سے دور رکھنے کی بورڈ کی تعصبانہ پالیسی پر ناراضگی کا اظہار نعروں کے زریعے کرتے رہے۔ اس موقع پر شائقین نے سری لنکن ٹیم کی کراچی آمد اور ٹیسٹ کھیلنے پر شکریہ کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
