اسلام آباد ( آن لائن) وزارت انسانی حقوق میں کام کرنے والی خواتین نے وزارت میں چائلڈ ڈے کیئرسنٹر بنانے کا مطالبہ کردیا ۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے جوائنٹ سیکرٹری کو اس سے متعلقہ اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ وزارت انسانی حقوق میں کام کرنے والی خواتین کا دن منانے کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ڈاکٹرشیریں مزاری نے کام کرنے والی خواتین کی کارکردگی کو سراہا اور وزارت انسانی حقوق میں ان کو درپیش مسائل پر بھی بات کی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت انسانی حقوق میں کام کرنے والی خواتین نے وزیر موصوف سے مطالبہ کیا کہ چراغ تلے اندھیرا کے مترادف
، سب سے پہلے وزارت میں موجود خواتین کے کام کرنے کے لیے مناسب ماحول پید اکیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ وزارت میں کام کرنے والی خواتین کے بچوں کے لیے چائلڈ کیئرسینٹر قائم کیا جائے تاکہ جن خواتین کے بچے چھوٹے ہیںوہ اپنے بچوںکے ساتھ کام کرسکیں۔ وزارت انسانی حقوق کی پرانی عمارت میں چائلڈ کیئر سینٹر موجود تھا تاہم نئی عمارت میں شفٹ ہوتے وقت اسے ختم کردیا گیا تھا۔
