
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں 11 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میچز کھیلنے کیلیے آئی سری لنکن کرکٹ ٹیم کامیاب دورے کے بعد وطن واپس لوٹ گئی۔پاکستان میں 2ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی، مہمان ٹیم کراچی سے براستہ دبئی کولمبو روانہ ہوئی، سری لنکا نے راولپنڈی اور کراچی میں دوسرا اورآخری ٹیسٹ میچ کھیلا۔روانگی سے قبل سری لنکن کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کی شاندار میزبانی اور فول پروف سیکورٹی کی تعریف کی، کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹوئٹ کیا کہ انہیں فخر ہے کہ کس طرح سیکورٹی اہلکاروں اورایس ایس جی کمانڈوز نے ان کی دیکھ بھال کی۔سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے بالکل محفوظ ملک ہے۔سابق کپتان اینجلومیتھیوز نے ٹوئٹ کیا کہ سری لنکن کھلاڑیوں نے پاکستان میں خود کو بالکل محفوظ سمجھاجس کا کریڈٹ ایس ایس جی کمانڈوز اور سیکورٹی اہلکاروں کو جاتا ہے۔آئی لینڈرز نے ایک دہائی بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا، سری لنکا کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 1-0سے شکست ہوئی۔
