
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں بے گھر افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے‘ اس حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق صرف کیلی فورنیا میں 16 ہزار بے گھر افراد کا رات کو گاڑیوں میں سونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ کئی ہزار افراد ایسے ہیں جو وسائل میں کمی کے باعث گھر کرائے پر نہ لینے کے سبب اپنی گاڑیاں کسی بھی اسپتال، کلب، چرچ یا کسی محفوظ جگہ پارک کرکے اس میں گزارنے پر مجبور ہیں۔ رپورٹ کے بعد ایک ٹیکسی ڈرائیور کی حیثیت سے کام کرنے والی خاتون لارن کش اپنی کار کو 2 مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ 36 سالہ لارن ایک بے گھر خاتون ہیں جو دن میں ٹیکسی چلاتی ہیں مگر ہر رات وہ اسی کار میں سوتی ہیں اپنی گاڑی کی عقبی نشست کو ایک بستر میں تبدیل کردیتی ہیں۔ اس حوالے سے متعلقہ امریکی محکمے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں اعتراف کیا گیا ہے کہ کیلیفورنیا میں رواں سال بے گھر افراد کی تعداد میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ ایسے ہی مجبور افراد کے لیے لاس اینجلس کے علاقے کوریا ٹاؤن میں واقع چرچ انہیں مارچ 2018ء سے رات میں گاڑیاں پارک کرنے کی محفوظ سہولت فراہم کررہا ہے ۔ لوگوں کا بالخصوص بے گھر خواتین کا کہنا ہے کہ یہاں گاڑیاں پارک کرکے اس میں سوتے وقت انہیں کسی قسم کا خوف نہیں رہتا۔
