English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جلسے پر راکٹ آگرا اسرائیلی وزیراعظم بنکر میں چھپ گیا

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) غزہ سے آنے والے ایک راکٹ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی دوڑیں لگوا دیں۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیتن یاہو غزہ کے قریب یہودی کالونیوں کا دورہ کررہے تھے کہ اس دوران ان پر راکٹ حملہ کیا گیا، تاہم وہ محفوظ رہے اور حملے کے بعد انہیں بم پروف بنکر میں منتقل کردیا گیا۔ غزہ سے فلسطینی مزاحمت کاروں نے ایک راکٹ داغا جو سرحد کی دوسری جانب عسقلان شہر میں گرا ہے۔ یہ میزائل اس وقت داغا گیا جب وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پارٹی انتخابات کے لیے عسقلان میں موجود تھے۔ فلسطینیوں کے میزائل حملے کے باعث نیتن یاہو بھی محفوظ مقام پرپناہ لینے پرمجبور ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ غزہ کی پٹی سے 12 کلومیٹر دور عسقلان پر میزائل داغا گیا تھا۔ بنیامین نیتن یاہو لیکوڈ پارٹی کی قیادت کے لیے کارکنان کی ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے کہ غزہ سے آنے والے راکٹ سے افرا تفری پھیل گئی۔ خطرے کے سائرن بجتے ہی ریلی میں شریک لوگ بھی دوڑ پڑے اور وہاں بھگدڑ مچ گئی۔ راکٹ حملے کے بعد تمام سرحدی دیہات میں انتباہی سائرن بجنے لگے اور خوف کی فضا طاری ہو گئی۔ حملے میں کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ اس واقعے کے بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے کئی اہداف پر بم باری کی۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مغرب میں نئی بندرگاہ کے اطراف میں بم باری کی۔ اس کے علاوہ شمالی بیت لاہیا میں بھی اسرائیلی فوج نے فلسطینی مزاحمت کاروں کے مراکز کو نشانہ بنایا۔ جب کہ اسرائیلی جنگی ہیلی کاپٹروں نے عسقلان کے علاقے اور شمالی غزہ میں زرعی اراضی پر بم باری کی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خیال رہے کہغزہ کا علاقہ اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے زیرانتظام ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس میزائل حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ گزشتہ ماہ غزہ میں اسلامی جہاد اور اسرائیل کے درمیان 2 روزہ جنگ میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے