
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں کرسمس کے دن فائرنگ کے 52 واقعات رونما ہوئے، جن میں 26 افراد ہلاک اور 44 زخمی ہوئے۔ کرسمس کے موقع پر فائرنگ کا بدترین واقعہ ریاست نیو میکسیکو میں پیش آیا، جہاں ایک گھر میں 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی، جن کی ہلاکت فائرنگ سے ہوئی۔ ریاست میری لینڈ میں ایک 84 سالہ شخص نے اپنی 54 سالہ بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور پھر خود کو بھی گولی مارلی۔ فائرنگ کا ایک واقعہ ریاست الاباما میں یوفولا کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نائٹ کلب سے 34 سالہ شہری کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دم توڑ گیا۔ ریاست کینٹکی میں کرسمس کی ایک پارٹی کے اختتام پر اپارٹمنٹ میں فائرنگ سے ایک نوجوان کی موت ہوئی۔ ریاست لوزیانا میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات پیش آئے، جن میں 2 افراد ہلاک ہوئے۔ پہلا واقعہ سان برنارڈ میں پیش آیا، جب کہ دوسرا نیو اورلینز ایسٹ میں ہوا۔ ریاست ورجینیا کے شہر رچمنڈ میں ایک ریستوران کے باہر فائرنگ کی گئی، جس میں 5 افراد کو گولیاں لگیں، جن میں سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ریاست پنسلوینیا میں کیسٹر کے علاقے میں کرسمس کی شب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔ ریاست جارجیا میں ایک نائٹ کلب میں فائرنگ سے 34 سالہ شخص مارا گیا۔ ریاست جارجیا ہی میں جنوبی فلٹون ایک 23 سالہ نوجوان پولیس سے مقابلے میں مارا گیا، جب کہ ایک پولیس افسر زخمی ہوا۔ ریاست کیلیفورنیا میں ازوسا کے علاقے میں کرسمس کی صبح 22 سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ نیومیکسیکو میں فائرنگ کے دیگر 2 واقعات میں 2 افراد کی ہلاکت ہوئی۔ جب کہ فائرنگ سے ایک خاتون زخمی بھی ہوئی۔ کیلیفورنیا میں فائرنگ کے 3 مختلف واقعات پیش آئے، جن میں ایک 61 سالہ شخص ہلاک اور ایک لڑکا اور خاتون زخمی ہوئے۔ ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کر کے ایک حاملہ خاتون کو قتل کیا گیا۔ ریاست پنسلوینیا کے سب سے بڑے شہر فلاڈیلفیا میں ایک نوجوان کو سر میں 2 گولیاں ماری گئیں۔ ریاست کولاراڈو کے علاقے اروژا میں ایک شخص کی گولیاں ماری گئیں۔ ریاست ڈیلاویئر میں ایک 51 سالہ خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ خیال رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے واقعات کے اعداد و شمار جمع کرنے والی ویب سائٹ گن وائلنس آرکائیو کے مطابق 2019ء میں امریکا بھر میں اسلحہ کے استعمال یا فائرنگ سے 38 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فائرنگ سے 14 ہزار 967 افراد کو قتل کیا گیا، جب کہ 23 ہزار سے زائد نے خود کشی کے لیے اسلحہ استعمال کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں برس فائرنگ سے 28 ہزار 953 افراد زخمی ہوئے، جن میں 17 سال سے کم عمر کے 2700 افراد شامل ہیں۔
