ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان ایرانی ساحلوں کے قریب اور مشرق وسطیٰ کے بحری راستوں میں اپنے مال بردار جہازوں کی حفاظت کے لیے ایک بحری بیڑا اور نگرانی کے لیے 2 جنگی طیارے بھیجے گا۔ جاپانی کابینہ نے اس حوالے سے دستاویزات کی منظوری دے دی ہے، جس کے مطابق جنگی ساز و سامان سے لیس ایک ہیلی کاپٹر اور 2 پی تھری سی طیارے تعینات کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد معلومات جمع کرنا اور خلیج عمان، بحیرہ عرب اور ایرانی ساحلوں کے قریبی پانیوں سے گزرنے والے جاپانی مال بردار جہازوں کی حفاظت کرنا ہے۔ جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو انٹرنیشنل نے سرکاری حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ ایک سال پر مبنی اس مشن کے ساتھ جاپانی بحریہ کے 206 ملازمین بھی اس بیڑے کے ساتھ ہوں گے اور ممکن ہے کہ آیندہ ماہ جنوری سے ہی تعیناتی کا عمل شروع ہوجائے۔ جاپانی فورسز اس سمندری علاقے میں خطرات کے پیش نظر اپنے مال بردار جہازوں کو بچانے کے لیے ہتھیاروں کا استعمال بھی کریں گے اور مشن کا دائرہ کار بحیرہ عرب کے شمال میں خلیج عمان، بحیرہ احمر سے مربوط آبنائے باب المندب اور خلیج عدن تک ہوگا، ساتھ ہی واضح کیا گیا ہے کہ جاپانی بحری مشن کا اس آبنائے ہرمز کے علاقے سے کچھ بھی لینا دینا نہیں جو تیل کی آمد و رفت کا اہم سمندری راستہ ہے اور امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس کی نگرانی کرتا ہے۔
