رواں سال 31 لاکھ کے چالان ہوئے، بھاری چالانوں کے باوجود بے ہنگم ٹریفک کا مسئلہ حل نہ ہوسکا
تمام تر توجہ چالان کاٹنے پر مرکوز رہی، قوانین پر عمل درآمد کیلئے ٹریفک پولیس کی کارکردگی مایوس کن رہی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، ماضی کے مقابلے میں بھاری چالان کیے جانے کے باوجود بے ہنگم ٹریفک کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق رواں سال 77 کروڑ 33 لاکھ سے زائد کے بھاری چالان کیے گئے لیکن کراچی کی سڑکوں پر چلنے والی بے ہنگم ٹریفک میں تبدیلی نہیں لائی جا سکی۔رواں سال سب سے زیادہ چالان ون وے اور ہیلمٹ قانون کی خلاف ورزی پر کیے گئے،زرائع کے مطابق سال 2019 میں ٹریفک پولیس کی تمام تر توجہ غریب عوام کے چالان کاٹنے پر مرکوز رہی، ٹریفک پولیس اگر اتنی ہی کوشش ٹریفک قوانین کے عمل درآمد پر کرتی تو آج ٹریفک کی صورت حال مختلف ہوتی۔ایک طرف ٹریفک پولیس کی ساری توجہ سرکاری خزانے کو بھرنے پر مرکوز رہی، دوسری طرف رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کا کہنا ہے کہ رواں سال 31 لاکھ کے چالان ہوئے، ٹریفک فائن کی مد میں پورے سال 75 کروڑ سے زائد کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی گئی۔

