English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو شکست دے کر قائداعظم ٹرافی جیت لی

کراچی: قائد اعظم ٹرافی کا فائنل جیتنے کے بعد سینٹرل پنجاب کی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو

کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو ایک اننگز اور 16رنز سے شکست دے دی۔ دوسری اننگز میں 421 رنز کے خسارے کا شکار ناردرن کی پوری ٹیم 405 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سنٹرل پنجاب کے اسپنر بلال آصف نے دوسری اننگز میں 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کے چوتھے روز ناردرن کے اوپنر حیدر علی نے فیضان ریاض کے ہمراہ 2وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو نوجوان اوپنر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔ وہ 134 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 203 گیندوں کا سامنا کرنے والے حیدر علی کی اننگز میں 22 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا،جس کے بعد ناردرن کے مڈل آرڈر بلے بازعلی سرفراز اور روحیل نذیر نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔ علی سرفراز 81 اور روحیل نذیر 70 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ناردرن کی پوری ٹیم 111.3 اوورز میں 405رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسپنر بلال آصف نے فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔ پہلی اننگز میں 3وکٹیں حاصل کرنے والے بلال آصف نے دوسری اننگز میں 112 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ناردرن کے 254 رنز کے جواب میں سینٹرل پنجاب نے 8وکٹوں کے نقصان پر 675 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر کی دوسری اور مجموعی طور پر ایونٹ کی 8ویں ڈبل سنچری اسکور کی۔فائنل میں ڈبل سنچری اسکور کرنے پر سینٹرل پنجاب کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل اور 11 وکٹیں حاصل کرنے والے بلال آصف کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچکا ایوارڈ دیا گیا۔سنٹرل پنجاب کے ظفر گوہر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ بلوچستان کے عمران بٹ ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز اور ناردرن کے کپتان نعمان علی کو ٹورنامنٹ کا بہترین بولر کا ایوارڈ دیا گیا۔ وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ شکار کرنے پر سینٹرل پنجاب کے کامران اکمل کوٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔ایونٹ کی فاتح سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ ناردرن کی ٹیم رنرزاپ کی حیثیت سے 50 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہری۔واضح رہے کہ عرصے بعد شائقین کی ایک بڑی تعداد قائد اعظم ٹرافی دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی آئی۔ اس موقع پر شائقین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل اور سری لنکا ٹیموں کی آمد سے ان کا حوصلہ بڑھا اور خواہش ہوئی کہ ڈومیسٹک میچوں میں بھی اپنے سپر اور ابھرتے ہویے اسٹارز کی حوصلہ افزائی کی جائے انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح اگر مستقبل میں مختلف نوعیت کے کرکٹ ٹورنامنٹس ہوتے رہے تو اکیڈمیز میں پریکٹس کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ ملے گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ کروڑوں روپے کے کیش انعامات کی بھرمار سے اسکول و کالجز میں پڑھنے والے طلبہ اس طرف زیادہ مائل ہوجاتے ہیں جبکہ کھلاڑیوں کی ایک قلیل تعداد ہی قومی ٹیم میں جگہ بنا پاتی ہے۔ ان رقوم سے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے سے مزید نوجوان برائیوں سے بچ سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے