پولیس کو مزید وسائل فراہم کریں گے تاکہ عوام اپنے مسائل لے کر تھانے جانے میں اطمینان محسوس کریں
شہریوں کی سیکورٹی سب سے اہم ہے ‘سیدمراد علی شاہ کی زیرصدارت پبلک اینڈ سیفٹی کمپلین کمیشن کا اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں پبلک اینڈ سیفٹی کمپلین کمیشن کا اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی رکن اسمبلی شرجیل میمن، امداد پتافی، محمد علی عزیز، حسنین مرزا، شمیم ممتاز، شہناز بیگم، تمام پرائیویٹ اراکین، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی پولیس سندھ نے پولیس پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں کے گریڈز برابر کرنے کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جوکہ جلد اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے پولیس کو مضبوط کیا ہے۔پولیس کو مزید وسائل فراہم کریں گے تاکہ عوام اپنے مسائل لے کر تھانے جانے میں اطمینان محسوس کریں۔شہریوں کی سیکورٹی سب سے اہم ہے۔نئے پولیس پلان میں تھانہ کلچر تبدیل کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت کا کام شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں پولیس کو اپنا کردار بخوبی ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ نئے پولیس پلان میں اس بات کو بھی مد نظر رکھیں اور محکمہ پولیس کو ایک ایسا فعال ادارہ بنایا جائے کہ عوام کا اس پر بھرپور اعتماد ہو اور ان کے پولیس سے متعلق تمام مسائل تھانوں میں ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔

