ایوان صدر روڈ پر لاوارث کھڑی تھی، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس نے چیکنگ کے بعد تھانے منتقل کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایوان صدر روڈ پر گورنر ہائوس کے قریب مشکوک کار کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر چیکنگ کے بعد کار کو تھانے منتقل کردیا اور اس کے مالک کی تلاش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق آرٹلری میدان تھانے کی حدود ایوان صدر روڈ پر گورنر ہائوس کے قریب مشکوک کار کی اطلاع پر آرٹلری پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو طلب کرلیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر پوری کار کو اندر باہر سے چیک کرنے کے بعد کلیئر قرار دیتے ہوئے آرٹلری میدان پولیس کو کار کی کلیئرنس کا لیٹر دے دیا جس کے بعد پولیس نے مذکورہ کار کو آرٹلری میدان تھانے منتقل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کار سے کچھ گفٹ پیک ملے ہیں جس میں بچوں کے کھلونے، انگوٹھیاں، دستی گھڑیاں اور دیگر سامان ملا ہے، متعدد شبہات جنم لے رہے ہیں جس کے بارے میں بولنا نقصان دہ ہو سکتا ہے، کار کے مالک کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مالک کے ملنے کے بعد صحیح صورتحال سامنے آئے گی۔

