English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شام میں میزائل حملے 5 بچوں سمیت 9 شہری شہید

ادلب: روسی اور اسدی افواج کے داغے گئے دیوہیکل میزائلوں کے خول پڑے ہیں‘ نشانہ بننے والے اسکول سے زخمی بچے کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے

دمشق/ انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں بشارالاسد کے حلیف روس کی بم باری سے مزید 9 شہری شہید ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق روسی فوج نے بدھ کے روز شمال مغربی صوبے ادلب میں حزبِ اختلاف کے زیرانتظام قصبے سرمین پر کلسٹر بموں پر مشتمل میزائل مارے، جس کے نتیجے میں 9 شہری شہید اور تقریباً 20 زخمی ہوگئے۔ میزائل رہایشی علاقوں اور ایک اسکول میں گرے، جس کے نتیجے میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ مرنے والوں میں 5 بچے اور کچھ خواتین بھی شامل ہیں۔ جب کہ زخمیوں میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ شامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ میزائل بحیرۂ روم میں موجود روسی فوج نے داغے۔ دوسری جانب ترکی نے صوبہ ادلب میں نگرانی کے لیے قائم کی گئی اپنی فوجی چوکیوں کو خالی کرنے سے انکار کردیا ہے۔ تُرک وزیردفاع خلوصی اکار نے ایک بیان میں کہا کہ ان فوجی چوکیوں کو خالی کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ روس اور اسدی فوج نے حالیہ دنوں میں شامی مزاحمت کاروں کے زیر انتظام واحد صوبے ادلب میں مختلف شہروں اور قصبوں پر حملے تیز کردیے ہیں، جس کے بعد ترکی پر نگرانی کی چوکیوں کو خالی کرنے کے لیے دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔ ادلب میں ترکی کی ایسی 12 فوجی چوکیاں قائم ہیں اور وہ خود تقریباً 37 لاکھ شامی مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے۔ دنیا میں کسی بھی ملک میں مہاجرین کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ تُرک حکام نے حال ہی میں اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ادلب میں مزاحمت کاروں کے خلاف روس اور اسدی فوج کی تباہ کن کارروائی کے نتیجے میں مزید ہزاروں افراد بے گھر ہوسکتے ہیں۔ ادلب میں اس وقت تقریباً 30 لاکھ شہری رہ رہے ہیں۔ اس صوبے میں گزشتہ برسوں کے دوران ملک کے دیگر علاقوں سے بھی مہاجرین کی ایک بڑی آبادی کو لاکر بسایا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق روسی اور اسدی فوج کی حالیہ کارروائیوں کے بعد اس صوبے سے 50 ہزار سے زائد افراد ترکی کے سرحدی علاقے کی جانب نقل مکانی کر گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے