نا اہل حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کیلئے زندگی گزارنا محال ہو گیا
پارٹی رہنماؤں کی لندن میں صدر ن لیگ سے ملاقات ،سیاسی معاملات پر رہنمائی لی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے وفد نے لندن میں پارٹی صدر محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ، ملکی سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر ان سے رہنمائی حاصل کی۔ مسلم لیگ (ن)کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا تارڑ، پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری، سمیع اللہ خان اور دیگر رہنماؤ ں نے شہباز شریف سے پارٹی قائد محمد نواز شریف کی صحت کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نیب کی کارروائیاں بھی زیر غور آئیں۔ شہباز شریف نے گفتگوکرتے ہوئے کہا مسلم لیگ(ن)عوام کی مشکلات کے حل کے لئے آواز اٹھاتی رہے گی،نا اہل حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کے لئے زندگی گزارنا محال ہو گیاہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا عمران نیازی او ران کی ٹیم نے ترقی کرتے ملک کو ریورس گیئر لگا دیا ہے اور پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے۔

