English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سکھر: منہدم عمارت کے ملبے سے 21 گھنٹے بعد 3 سالہ بچی زندہ برآمد

القمر

سکھر(نمائندہ جسارت)سکھر میں گزشتہ روز منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے 21 گھنٹے بعد 3 سالہ بچی کو زندہ حالت میں برآمد کر لیا گیا۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) حکام کے مطابق معجزانہ طور پر بچی کو معمولی خراش بھی نہیں آئی۔حکام نے بچی کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے شہر کے سول ہسپتال منتقل کردیا۔علاوہ ازیں سکھر کے کمشنر شفیق احمد مہیسر نے بتایا کہ عمارت گر جانے کے
واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔خیال رہے کہ مذکورہ واقعے میں 17 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔گزشتہ روز عمارت کے ملبے سے 12 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا تھا۔زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک سالہ بچہ اور 2 خواتین دم توڑ گئیں۔واضح رہے کہ سکھر کے مصروف اسٹیشن روڈ پر واقع متاثرہ عمارت چند دکانوں کے اوپر تعمیر کی گئی تھی اور اس میں 4 کنبے آباد تھے۔وقوعہ پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والے سکھر کے کمشنر شفیق احمد مہیسر نے بتایا کہ 4 بھائیوں کے کنبوں کے 20 سے زیادہ افراد 4 منزلہ عمارت میں رہ رہے تھے۔انہوں نے منہدم ہونے والی عمارت سے متعلق بتایا کہ عمارت کی تعمیر میں غیر معیاری سامان استعمال کیا گیا یا عمارت غیر منظور شدہ نقشوں کے مطابق تعمیر کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اصل اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کی جائیگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے