English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قومی سلامتی کے معاملے پر سب یکجہتی کا مظاہرہ کریں، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر امید ہے کہ تمام پارلیمانی پارٹیاں اور ان کے رہنما یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلات شیئر کیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ٹوئٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اٹارنی جنرل نے پارلیمانی پارٹی کو پارلیمنٹ میں متعارف کرائی جانے والی قانونی ترمیم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ قومی سلامتی کے معاملے پر تمام پارلیمانی پارٹیاں اور رہنما یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے اراکین نے وزیر اعظم کی قیادت، عوام کی فلاح اور ملک کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے ممبران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ٹائم دیں اور اپنی بھرپور توجہ عوام کے مسائل کے حل پر صرف کریں، وزیراعظم نے شرکاء کو نئے سال کی مبارکباد دی اور کہا کہ دعا ہے کہ 2020 ء ملک اور عوام کے لیے بہتر سال ثابت ہو۔

انہوں نے اجلاس میں مزید کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری اور تعمیر و ترقی کے لیے استحکام ضروری ہے ، معاشی میدان میں گزشتہ سال ہونے والی کامیابیوں کو مزید مستحکم بنانے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے