English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ترکی کی فوج مرحلہ وار لیبیا پہنچنا شروع

القمر

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ تُرک فوج مرحلہ وار لیبیا پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق صدر اردوان نے تُرک سی این این کو انٹرویو میں کہا کہ لیبیا کی قومی وفاق حکومت کی مدد کے لیے ہماری فوج طرابلس پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی اعلیٰ فوجی افسران کو بھی لیبیا کی قومی وفاقی حکومت کی مدد کے لیے بھیجے گا۔ طیب اردوان کا کہنا تھا کہ لیبیا میں ترک فوج کا مقصد لڑائی میں حصہ لینا نہیں، بلکہ قومی وفاق حکومت کی معاونت کرنا ہے، تاکہ لیبیامیں انسانی المیے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ انقرہ اور طرابلس کی حکومتیں مشرقی بحیرۂ روم میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔ تُرک ذرائع ابلاغ نے بھی تُرک فوج کے طرابلس بھیجے جانے کی تصدیق کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انقرہ اور طرابلس کے درمیان لیبیا میں فوج بھیجنے کا معاہدہ آہستہ آہستہ نافذ العمل ہوچکا ہے۔ دوسری جانب لیبیا کی وفاقی حکومت نے سلامتی کونسل کے سربراہ ڈینگ ڈینا کیوی اور کونسل کے دیگر ارکان کو ایک خط ارسال کیا، جس میں اقوام متحدہ میں لیبیا کے ناظم الامور المہدی المجربی کے دستخط ہیں۔ خط میں لیبیا کی باغی ملیشیا کے سربراہ جنرل خلیفہ حفتر کے جرائم کی پُر زور مذمت کی گئی ہے۔ خط میں باور کرایا گیا ہے کہ وفاق حکومت لیبیا میں اقتدار کی حامل واحد قانونی فریق ہے۔ ساتھ ہی لیبیا بالخصوص طرابلس کی فضاؤں میں ہوابازی پر پابندی عائد کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر بین الاقوامی مشاورت جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد لیبیا اسلحہ پہنچانے کے لیے طیاروں کے استعمال کو یا لیبیا کی اراضی پر غیرملکی طیاروں کی پروازوں کو روکنا ہے۔ یورپی ممالک نے ہوابازی پر پابندی کی قرار داد کی حمایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے