English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مغربی کنارا: اسرائیلی فوج نے 18 فلسطینی گرفتارکر لیے

فلسطین: اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اپنے مکان کی مسماری میں زخمی ہونے والے شہری کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے‘ صہیونی اہل کار نوجوان کو گرفتار کرکے لے جارہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے سے 18 فلسطینی شہری گرفتار کرلیے۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی پولیس نے فلسطینی نوجوان انس ابو حمس کو اس وقت حراست میں لیا جب صہیونی آبادکار مسجد اقصیٰ کے چکر لگا رہے تھے۔ دوسری جانب العیسویہ میں گھروں پر چھاپوں کے دوران اسرائیلی پولیس نے بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے 5 شہریوں کو گرفتار کر لیا اور کارروائی کے دوران زیر حراست افراد پر تشدد کرتے رہے۔ اسرائیلی پولیس نے بیت المقدس کے مشرق میں شعفاط پناہ گزین کیمپ اور مختلف قصبوں پر دھاوا بولا اور لوٹ مار کی۔ مغربی کنارے میں صہیونی فوج نے بیت لحم میں بیت فجار قصبے پر ہلہ بولا اور 6 لوگوں کو اغوا کر لیا، جن میں کچھ کی عمر 18 سال سے کم ہے۔ علاوہ ازیں فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیل میں قید ایک فلسطینی خاتون غیر انسانی برتائو اور تشدد کے نتیجے میں کئی امراض کا شکار ہوگئی ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وفا نعالوہ مہداوی کی حالت خراب ہو چکی ہے۔ امور اسیران کے مطابق قیدی خاتون پر نہ صرف تشدد کیا گیا بلکہ اسے کسی قسم کی بنیادی انسانی سہولت اورضرورت کی اشیا فراہم نہیں کی گئیں، جس کے نتیجے میں اس کی زندگی کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ دریں اثنا اسرائیلی حکام نے 20 سالہ اسیر محمود ناصر محمود الہبل کو دو تہائی قید ختم ہونے کے بعد رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہبل اس وقت مجد جیل میں قید ہے، جس کا تعلق شمالی بیت المقدس کے علاقے کفرعقب سے ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے