کابل (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2019ء میں افغانستان میں جنگی حالات کی وجہ سے 4 لاکھ 26 ہزار افراد کو دربدری کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق متاثرین میں پہلے سے بے گھر ایک لاکھ 77 ہزار سے زائد افراد شمال مشرقی افغان صوبوں میں موجود عارضی پناہ گاہوں سے محفوظ علاقوں کی جانب مہاجرت پر دوبارہ مجبور ہوئے۔ ان افراد کی دوسری مرتبہ دربدری کی وجہ ان صوبوں میں عسکریت پسندوں کی مسلح کارروائیوں میں غیرمعمولی اضافہ ہے۔ عالمی ادارے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شمال مشرقی صوبوں میں ہونے والی جھڑپوں میں سیکڑوں افغان فوجی ہلاک اور زخمی بھی ہوئے۔ دوسری جانب افغانستان کے صوبے بلخ کی تحصیل بلخ میں بم حملے میں ایک پولیس اہل کار ہلاک ہو گیا۔ محکمہ پولیس کے ترجمان عادل شاہ عادل کا کہنا ہے کہ بلخ کے سہہ جوئی نامی علاقے میں سڑک کنارے نصب بم ایک پولیس گاڑی کے گزرنے کے وقت دھماکے سے پھٹ گیا۔ عادل کے مطابق حملے میں ایک پولیس اہل کار زخمی جب کہ 7 اہل کار زخمی ہو گئے، تاہم حملے کی ذمے داری تا حال کسی نے قبول نہیں کی۔
