پلاٹوں کی نیلامی ایک بار پھر متنازع ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ادارہ ترقیات کراچی محکمہ لینڈ کے کمرشل سیل میں سنگین بدعنوانیوں کا انکشاف ہوا ہے، کے ڈی اے میں پلاٹس کی متوقع نیلامی ایک بار پھر متنازع ہونے کا خطرہ ہے، ذرائع کے مطابق کے ڈی اے محکمہ لینڈ کمرشل سیل سے حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرزند کی کمرشل سیل میں ریٹائرمنٹ کے باوجود اجارہ داری قائم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے کے سابق ڈی جی ناصر عباس کے دور میں ہونے والی پلاٹوں کی نیلامی کے تمام معاملات مذکورہ طاقتور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرزند نے انجام دیے جس پر ناصر عباس سمیت کے ڈی اے کے دیگر افسران کے خلاف نیب نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا، سابق ڈی جی ناصر عباس کو گرفتار بھی کر لیا گیا تھا جس کے بعد مبینہ سنگین بدعنوانیوں کے انکشافات پر نیلام کیے گئے کئی پلاٹس کو منسوخ کر دیا گیا تھا، کے ڈی اے میں ایک بار پھر پلاٹس نیلام کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

