English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

الیکٹرانکس مارکیٹ میں ٹریفک نظام بہتر بنائینگے ڈی آئی جی جاوید مہر

پارکنگ کے مقامات پر بورڈ آویزاں کرائیں گے جن پر نرخ بھی آویزاں ہوں گے
ٹریفک پولیس کی کارکردگی بہتر ہورہی ہے ‘ محمد رضوان کا الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب
کراچی (کامرس رپورٹر) صدر عبداللہ ہارون روڈ پر واقع الیکٹرونکس مارکیٹ میں ٹریفک نظام کی بہتری اور پارکنگ کے حوالے سے مسائل کے حل کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک نے یقین دہانی کرادی، کیڈا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم بھی ظاہر کردیا۔ کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایسوسی ایشن کے دفتر واقع الٰہی سینٹر ریگل چوک میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ایسوسی ایشن کے صدر رضوان احمد و ممبران اور ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر، ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ سٹی، ڈی ایس پی پریڈی اور سیکشن افسر پریڈی نے شرکت کی۔ دوران تقریب ایسوسی ایشن کے صدر نے ڈی آئی جی ٹریفک سے چند گزارشات کیں خصوصاً الیکٹرونکس مارکیٹ میں پارکنگ کی جگہوں پر پارکنگ کے بورڈ آویزاں کروانے جن پر پارکنگ کے نرخ بھی آویزاں ہوں، اس کے علاوہ نوپارکنگ اور دیگر ٹریفک کے نشانات بھی آویزاں کروانے کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ ڈی آئی جی ٹریفک کے آنے کے بعد ٹریفک پولیس کی کارکردگی میں آنے والی بہتری کو سراہا اور ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈی آئی جی ٹریفک اور ایس پی سٹی کو بہتر کارکردگی پر شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر نے کہاکہ ٹریفک پولیس کی مہم کے باعث کراچی میں 80 فیصد سے زائد افراد ہیلمٹ کا استعمال کر رہے ہیں، ہیلمٹ کے قانون پر سختی کرنے پر موٹر سائیکل حادثات میں نقصانات میں کمی ہوئی ہے۔ اس موقع پر کیڈا کے صدر رضوان عرفان، نائب صدر سلیم میمن، لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے چیئرمین حمزہ میمن اور دیگر موجود تھے۔ ڈی آئی جی جاوید علی مہر نے کہاکہ جلد ہی ڈرائیونگ لائسنس کے لیے مہم کا آغاز کیا جائے گا تاکہ تمام شہری اپنے ہمراہ ڈرائیونگ لائسنس رکھیں جس کے لیے تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مارکیٹوں میں موبائل وین فراہم کی جائے گی، ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو حکومت کی جانب سے صرف گرفتار کرنے سے روکا گیا ہے لہٰذا جو بھی شخص ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرے گا اس پر جرمانہ عائد کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تجارتی مراکز کے باہر موٹر سائیکلوں کی ڈبل پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کا نظام خراب ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے