English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے‘ وزیراعظم

موجودہ حکومت میں سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز خرچ ، روپے کی قدر میں استحکام اور جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی ہوئی
برآمدات بڑھ رہی اورسیمنٹ کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہے،غیر استعمال شدہ املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے، ٹویٹ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے۔ وزیراعظم نے ٹویٹ میں ترقی کے حوالے سے اعداد وشمارکا حوالہ دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے۔ موجودہ دور حکومت میں اب تک سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز خرچ کیے گئے، روپے کی قدر میں استحکام اور جاری کھاتوں کے خسارے میں 73 فیصد کمی ہوئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پبلک سیکٹرمیں ترقیاتی فنڈزکا استعمال رواں مالی سال کے 8 ماہ میں 39 فیصد رہا،جولائی19سے فروری20 تک ترقیاتی بجٹ کا تناسب 6سال میں سب سے زیادہ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدات بڑھ رہی ہیں اورسیمنٹ کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہے۔ روپے کی قدرمیں استحکام اورجاری کھاتوں کے خسارے میں73 فیصد کمی آئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پشاور، کراچی موٹروے کا منصوبہ 99 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ 6۔ 309 ارب روپے کے مہمند ڈیم منصوبے پرکام شروع کیا گیا، جگلوٹ،اسکردو روڈ پر 7۔3 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غیر منافع بخش اداروں اور غیر استعمال شدہ املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے۔ قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا، عمل مقررہ ٹائم لائنز میں مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف سرکاری اداروں اور املاک کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔سیکریٹری نجکاری ڈویڑن نے بریفنگ میں بتایا کہ رواں سال سات ادارے اور املاک کی نجکاری کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ ان میں دو آر ایل این جی پاور پلانٹس، ایس ایم ای بینک، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور اور جناح کنونشن سینٹر شامل ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ نجکاری کا عمل مقررہ ٹائم لائنز میں مکمل کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے اور اس سلسلے میں بین الوزارتی کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنا کر تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تخت مختلف اقتصادی زونز کی منظوری دیدی۔وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جو کہ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے اپروول بورڈ کا پانچواں اجلاس تھا۔اجلاس میں سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی ندیم افضل چن، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، صوبائی وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اورمتعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے سینئر افسران شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے