چین اور امریکا عالمی وبا کورونا وائرس پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے، چین نے امریکی فوج پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگایا ہے جس کےجواب میں امریکا نے بیجنگ کے بیان کو خطرناک اورمضحکہ خیز قرار دےکرمسترد کردیا ہے۔
چینی وزارت اطلاعات کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے امریکی فوج کو چین کے صوبہ ووہان میں کورونا وائرس لانے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے امریکا میں تعینات چینی سفیر کو کورونا وائرس سےمتعلق الزام لگانے پر طلب کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بیان میں چینی حکومت کو عالمی وبا پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کا مقصد چینی حکومت پر تنقیدسے توجہ ہٹانا ہے۔ چین کو متنبہ کیا گیا ہے کہ امریکا اس قسم کے بیانات برداشت نہیں کرے گا۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین ‘سازشی نظریات’ کی ترویج کا مرتکب ہو رہا ہے جو’خطرناک’ اور’مضحکہ خیز’ ہے۔
یاد رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 47 ہوگئیں ہیں، تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 5000 کے ہندسے سے آگے بڑھ چکی ہے ۔
