English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

رمضان المبارک کے حوالے سے ملک بھر میں ایک پالیسی ہوگی،وزیر مذہبی امور

القمر

اسلام آباد (اے پی پی+ مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں پورے ملک کے لیے یکساں پالیسی ہوگی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر تمام مذہبی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، نمازوں کے معاملے پر کچھ ناخوشگوار واقعات ہوئے جو افسوسناک ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں کورونا پر قائم پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر مملکت شہریار آفریدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس وقتی ہے مگر اس کے اثرات معاشرے میں دیر تک رہیں گے۔ کورونا عالمی وباء ہے، وائرس کا کسی مذہب، فرقے یا علاقے سے تعلق نہیں ہے ، دینی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں پارلیمانی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ رمضان المبارک اور مساجد
کے حوالے سے جو بھی پالیسی بنے گی وہ پورے ملک کے لیے ہوگی ، چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علما کرام کے ساتھ ضلعی سطح پر مشاورت کی جائے گی، اس حوالے سے تمام مذہبی قیادت اور مذہبی پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن، سراج الحق، علامہ ساجد نقوی سمیت تمام دینی قیادت اور اکابرین کے ساتھ مل کر پالیسی بنائیں گے تاکہ کورونا سے محفوظ رمضان قوم کو دے سکیں۔اس سلسلے میں ہم تمام علما کرام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں کیونکہ یہ صرف اسی حکومت کا نہیں ملک کے ہر بچے، بزرگ اور جوان سمیت پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے تمام صوبائی حکومت کو وزارت داخلہ کے ذریعے ہدایت کی ہے کہ تمام علما کرام سے ضلعی سطح پر اس سلسلے میں رابطہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری بحث شروع ہوگئی تھی کہ زائرین اور تبلیغی جماعت ملک میں کورونا کے ذمے دار ہیں، یہ بحث زہر آلود تھی، اسپیکر صاحب کی کوششوں سے کورونا پر تفرقہ بازی کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔اس موقع پر ا سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کورونا کا پوری دنیا کو سامنا ہے، پوری دنیا کی معیشت اور اسٹاک ایکسچینج بیٹھ گئی ہیں یہ اللہ کی طرف سے امتحان ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ اعجازاحمد شاہ نے وفاقی وزیربرائے مذہبی امور نورالحق قادری سے ملاقات کی اور رمضان المبارک میں ملک بھر کے لیے یکساں لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں رمضان المبارک میں عبادات کی ادائیگی کے دوران کوروناکی روک تھام سے متعلق معاملات زیربحث آئے اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام فرقوں کے مذہبی رہنماوں سے مشاورت کرکییکساں لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے تجویز دی کہ لائحہ عمل اور ہدایات ملک بھر کے لیے یکساں ہونی چاہئیں، باضابطہ طور پر ایسے نتیجے پر پہنچاجائے جس سے عبادات میں خلل نہ پڑے، ہرممکن کوشش کی جائے گی کہ اس مہینے سے جڑے مذہبی جوش وخروش کوزندہ رکھا جاسکے، کوروناکے پیش نظرتمام شہریوں کی صحت کے تحفظ اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا اولین ترجیحات ہے،کوشش کریں گے کہ بہترین لائحہ عمل مرتب کرسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے