بیجنگ،انڈیا(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ ہم نے کسی بھارتی فوجی کو تحویل میں نہیں لیا تھا اس لیے 10 اہلکاروں کی رہائی بے بنیاد اور جھوٹا دعویٰ ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے انڈین آرمی کے 2 افسران اور 8 اہلکاروں کی رہائی کے بھارتی میڈیا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری قید میں بھارتی فوج کا کوئی ایک بھی اہلکار نہیں تھا۔ بھارت جھوٹے اور بے بنیاد دعوﺅں سے باز رہے۔چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان زاہو لیجیان نے میڈیا سے گفتگو میں 10 بھارتی فوجیوں کی رہائی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سچ اور جھوٹ نہایت واضح ہے۔ کوئی اہلکار ہماری قید ہی میں نہیں تھا تو رہائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ترجمان وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اب بھارت پر ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فوجیوں کی رہائی کے دعوے کو درست ثابت کرنے کے لیے شواہد پیش کرے۔ الزامات کے بجائے بھارت خطے میں امن کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائے۔اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعوی کیا تھا کہ چین نے بھارتی فوج کے 2 اعلی افسران سمیت 10 فوجیوں کو رہا کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق چین نے قیدیوں کی رہائی میجر جنرل سطح کے مذاکرات کے نتیجے میں دی۔یاد رہے کہ 4 روز پہلے وادی گلوان میں سرحدی خلاف ورزی کرنے پر چینی فوج نے 20 بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔قیدیوں کی رہائی کے بعد بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ اب مزید کوئی فوجی لاپتا نہیں ہے۔ امریکا نے چین اور بھارت کی فوج کے درمیان جھڑپ میں 20 فوجیوں کی ہلاکت پر بھارت سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کو ایک ٹویٹ میں امریکا کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ چین کے ساتھ سرحد پر حالیہ محاذ آرائی میں انڈین فوج کے جانی نقصان پر بھارت سے تعزیت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کے اہلِ خانہ، ان کے رشتہ داروں اور خاندانوں کو اپنے غم میں یاد رکھیں گے۔
بھارت جھوٹے اور بے بنیاد دعوے سے باز آجائے ،چین کا انتباہ
القمر
