English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران اور پاکستان ساتھ نہیں چل سکتے ،ن لیگ کا وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ

القمر

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔ عمران خان اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہو جائیں اور پاکستان تحریک انصاف اپنا نیا لیڈر چن لے ۔سارا پاکستان خان کی انارکی کی ضد میں ہے ۔عمران خان کو زیادہ مہلت دی گئی تو ملک ایسی جگہ پہنچ جائے گا جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہو گی۔حکومت کو 55 سے 56روپے مل رہا ہے اور حکومتی ٹیکس کی وجہ سے عوام کو پٹرول 100 روپے میں مل رہاہے ۔پٹرولیم کمپنیاں 15 روپے اضافہ مانگ رہی تھیں باقی 10 روپے کس کھاتے میں جا رہے ہیں ۔ ہفتہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے راہنما خواجہ آصف نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 2013 اور 2018 میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ٹویٹ کیے جن میں انہوں نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے متعلق کافی غم و غصہ اور تنقید کی وہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں انکے آئے روز بیان بدلتے رہتے ہیں ۔حکومت نے 30 جون کا بھی انتظار نہیں کیا اور رات کی تاریکی میں یکدم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیاہے جو عوام پر سراسر ظلم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں تو ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہو گا ۔ عمران خان کو زیادہ دیر مہلت دی تو پاکستان ایسی جگہ پہنچ جائے گا جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہو گی ۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے اضافہ باعث تشویش ہے۔ ہمارے دور میں پٹرول 70 ڈالر فی بیرل تھا پٹرول کی قیمت میں 34 فیصد اضافہ نامنظور ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 34 فیصد کر کے عوام پر بوجھ ڈال دیا گیا ہے ۔ حکومتی ٹیکس کی وجہ سے پٹرول 100 روپے کر دیا گیا ہے ۔ حکومت کو پٹرول فی لیٹر 55 سے 56 روپے میں مل رہا ہے جبکہ 44 روپے ٹیکس لاگو ہے حکومت نے پٹرولیم قیمتیں بڑھا کر عوام کی قوت خرید سے باہر کر دیا ہے ۔ حالانکہ پٹرول کی حقیقی قیمت 67 روپے فی لیٹر بنتی ہے ۔پٹرولیم کمپنیوں نے 15 روپے فی لیٹر اضافہ کا مطالبہ کیا تھا ۔ سمجھ سے بالاتر ہے کہ 10 روپے اوپر والے کس کھاتے میں جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ٹیکس اہداف حاصل کرنے اور معیشت کو سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ہم نے حکومتی نااہلی کا مقدمہ عوام کے سامنے رکھ دیا ہے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسی تبدیلی کا حصہ نہیں بنیں گے جو جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے