English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عرب اتحاد کا یمنی باغیوں کیخلاف نیا آپریشن ،یورپی ممالک کی حمایت

القمر

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی ممالک نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سرگرم عرب اتحاد کی جانب سے نئے آپریشن کی حمایت کردی۔ برطانیہ، جرمنی اور سوئیڈن نے یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرتے ہوئے باغیوں پر جنگ بندی کی کوششوں کی خلاف ورزی کاالزام عائد کیا۔ برطانوی وزرائے خارجہ ڈومینک راب، جرمنی کے ہائیکو ماس اور سوئیڈن کے آن لینڈ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یمن کے مسئلے کا حل جنگ بندی اور فریقین کے درمیان مذاکرات ہی میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جنگ بندی اور تنازع کے حل کے لیے سیاسی بات چیت وبا کو شکست دینے کا بہترین ذریعہ ہے۔ تینوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں عرب کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ حوثیوں نے سعودی عرب کی اپیل پر جنگ بندی کی پاسداری نہیں کی۔ باغیوں نے اسٹاک ہوم معاہدے اور ریاض معاہدے پر عمل نہیں کیا اور دھجیاں اڑاکر رکھ دیں۔ واضح رہے کہ عرب اتحاد نے کی حوثی ملیشیا کے خلاف نئی فوجی کارروائی کا آغازکردیا ہے،جس کے تحت باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔عرب اتحاد کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ آپریشن کا مقصد حوثیوں کی جنگی سرگرمیوں کا خاتمہ ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد فوجی کارروائی کے بارے میں جلد ایک نیوز کانفرنس کرے گا،جس میں آپریشن کے اغراض کو تفصیل سے بیان کیا جائے گا۔ یہ کارروائی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں کی جارہی ہے۔ ادھر حوثیوں کے ٹی وی چینل مسیرہ کی رپورٹ کے مطابق اتحادی فوج نے دارالحکومت صنعا، مآرب، الجوف، بیضہ، حجاج اور صعدہ صوبوں میں فضائی حملے کیے۔ یاد رہے کہ ہفتے کے روز عرب اتحاد نے سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے میزائلوں کو ناکارہ بنایا تھا۔ یمن میں 6ہفتے کی جنگ بندی کے بعد حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب پر پہلا میزائل حملہ تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے