لاہور/ شیخوپورہ (نمائندہ جسارت/ آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہماری پنجاب میں کی گئی ترقی کو تباہ کردیا ہے اور پنجاب کو 50 سال پیچھے لے گئی ہے‘ اب وقت آگیا ہے کہ ہم پنجاب بچائو تحریک شروع کریں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب جس تباہی اور مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے‘ ملک کا کوئی اور صوبہ اتنی بد انتظامی کا شکار نہیں‘ پنجاب سے کس بات کا انتقام لیا جا رہا ہے‘ شہباز شریف کی قیادت میں 10سال تک مثالی خدمت کی گئی‘ آج اس پنجاب کو پاکستان کا پسماندہ ترین صوبہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شعبہ تعلیم اور صحت کا بجٹ ختم ہوگیا ہے‘ یونیورسٹیز کو گرانٹ نہیں مل رہی‘ اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جا رہی‘ پنجاب کا سارا انفرااسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے‘ کسی ضلع میں چلے جائیں سڑکوں کی مرمت پر پچھلے2 برس میں ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ دیا تھا جو ہم سے چھینا گیا لیکن پنجاب کو یہ50 سال پیچھے لے گئے ہیں اور جو ترقی ہم نے کی تھی اور جو ادارے ہم نے بنائے تھے وہ سب ایک ایک کر کے ان کے ہاتھوں تباہ ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب کی تباہی پر خاموش تماشائی نہیںبن سکتے ‘ عمران نیازی کو پنجاب کی گورنس کی تباہی پر جواب دینا پڑے گا۔ علاوہ ازیںچیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر رہنما و ایم این اے ر انا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں بلدیاتی نہیں بلکہ عام انتخابات کے انعقاد کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے‘ پی ٹی آئی کی حکومتیں وفاق اور پنجاب و خیبر پختونخوا میں مکمل طور پر مافیا ز کے سامنے بے بس ہو کر رہ گئی ہیں‘ وزیر اعظم عمران خان کی وفاق کے بعد پنجاب میں حکومت مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے ان کی نالائقی و نا اہلی اور نا تجربہ کاری سے ملکی معیشت دن بدن نیچے جارہی ہے‘ ا ب اپوزیشن انہیں پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے ساتھ مزید کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دے گی‘ بڑی عید کے بعد بڑے فیصلے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز لیگ کے نومنتخب ضلعی صدر محمد عارف خان سندھیلہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔
بلدیاتی نہیں عام انتخابات کا قوی امکان ہے،پنجاب بچاؤ تحریک چلانے کا وقت آگیا ،ن لیگ
القمر
