*** روزنامہ خبر ترک: "صدر رجب طیب ایردوان کی طرف سے ‘زبان کے تحفظ’ کا پیغام” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے وزارت سیاحت و ثقافت کی سال 2019۔2020 کی تقسیم ایوارڈ تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ "ایسی قومیں جو اپنی زبان کا تحفظ نہیں کرتیں، اس کو فروغ نہیں دیتیں ان کی مثال ایسے درخت کی سی ہے کہ جس کی جڑیں سوکھ چکی ہوں اور وہ ہوا کے کسی بھی جھونکے سے زمین بوس ہو نے پر مجبور ہو”۔
*** روزنامہ ینی شفق: ” ادلب میں ترکی ہلال احمر کے نیکی کے گھر استعمال کے لئے تیار” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ شام میں حملوں سے بچ کر ادلب ہجرت کرنے والوں اور ادلب کے رہائشیوں کے لئے ترکی ہلال احمر کی طرف سے زیرِ تعمیر مصنوعی پتھر کے گھر تیزی سے تکمیل کی طرف جا رہے ہیں۔ ترکی ہلال احمر نے سارمادہ تحصیل کے علاقے مشت روحین میں 1228 گھروں میں سے 748 کو رہائش کے لئے تیار کر دیا ہے۔ ایک کمرے، ایک ٹائلٹ اور باورچی خانے پر مشتمل 39 مربع میٹر رقبے کے یہ مصنوعی پتھر کے گھرہر طرح کے موسمی حالات کے مقابل پائیدار ہیں۔
*** روزنامہ حریت: "ترک سیٹ 5A کا سفر منصوبے کے مطابق جاری ہے” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ وزیرِ رسل و رسائل و انفراسٹرکچر عادل کھارا اسماعیل اولو نے کہا ہے کہ ترک سیٹ ۔5A سیٹلائٹ کے زیریں سسٹم تجربات کامیابی سے مکمل ہو گئے ہیں۔ تقریباً 4 ماہ پر مشتمل مدار میں بلندی کا عمل اور سیٹلائٹ پر تجربات طے شدہ شکل میں جاری ہیں۔
*** روزنامہ صباح:” ان ممالک کی طرف سےBİP کے ساتھ خصوصی دلچسپی” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ بیرون ملک مقبولیت کی وجہ سے ترکی کی مقامی سماجی پیغام رسانی کی ایپ BİP کے صارفین کی تعداد 8 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ ایپلی کیشن مارکیٹوں میں BİP تیزی سے اوپر کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ایپ، بحرین، بنگلہ دیش، پاکستان، قطر، سعودی عرب اور عمان میں تمام رقیبوں کو پیچھے چھوڑ کر گوگل پلے اسٹور میں پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔
*** روزنامہ اسٹار: ” ترکی کے پیدا کردہ مصالحہ جات دنیا بھر کے دستر خوانوں پر” کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ سال 2020 میں ترکی کی مصالحہ جات کی برآمدات گذشتہ سالوں کے مقابلے میں 15 فیصد اضافے کے ساتھ 20 کروڑ 17 لاکھ 35 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ 2 کروڑ 97 لاکھ 43 ہزار ڈالر کی برآمد کے ساتھ امریکہ پہلے، 2 کروڑ 28 لاکھ 22 ہزار ڈالر کے ساتھ جرمنی دوسرے اور 89 لاکھ 41 ہزار ڈالر کے مصالحہ جات کی برآمد سے چین تیسرے نمبر پر رہا۔