English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

القمر

ایوان بالا کے انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر اپ سیٹ شکست کے بعد وزیراعظم اعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے۔

دفتر وزیراعظم سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان شام ساڑھے 7 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اپنے خطاب میں وزیراعظم کی جانب سے قوم کو ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے خطاب کے حوالے سے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے بھی ٹوئٹ کی اور بتایا کہ وزیراعظم آج شام ساڑھے 7 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کا خطاب ایک ایسے وقت میں ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اکثریت ہونے کے باوجود سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست پر ایک اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

3 مارچ کو ایوان بالا کی 37 نشستوں میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز رہنے والی نشست اسلام آباد کی جنرل نشست تھی جس پر پاکستان تحریک انصاف و حکمران اتحاد کے امیدوار وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ تھے اور ان کے مدمقابل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی تھے۔

حکمران جماعت کو یقین تھا کہ وہ قومی اسمبلی جو اس نشست کے لیے الیکٹورل کالج تھی وہاں اکثریت کی وجہ سے یہ نشست جیت لے گی تاہم نتائج اس کے برعکس آئے اور اپوزیشن امیدوار یوسف رضا گیلانی 169 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ حفیظ شیخ 164 ووٹ حاصل کرسکے اور 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

دلچسپ امر یہ رہا کہ اسلام آباد سے ہی خواتین کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما 174 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ اپوزیشن کی امیدوار کو شکست دیکھنا پڑی۔

اس اپ سیٹ شکست کے بعد جہاں حکومت کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا وہیں اپوزیشن نے اس پر فتح منائی اور وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔

جس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی و دیگر وزرا نے ایک پریس بریفنگ کی اور بتایا کہ وزیراعظم نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی سلسلے میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ہفتہ 6 مارچ کو دوپر سوا 12 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جس میں وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے