وزیراعظم نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستانی برادری پر خصوصی توجہ دیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریں۔
انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستانی سفیروں سے خطاب کیا۔عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف ملکوں سے پاکستانیوں بالخصوص محنت کش طبقے سے پاکستان سٹیزن پورٹل پر بڑی تعداد میں شکایات موصول ہو رہی ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت بیرون ملک اپنے تمام مشنوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی تاکہ مختلف ملکوں میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔عمران خان نے سفیروں کو کہا کہ وہ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے پر توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانیوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانوں کی شکایات زیادہ ہیں، ان دونوں ملکوں سے ہی ملک میں سب سے زیادہ ترسیلات زر آتی ہیں۔ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے سفارتخانوں میں کوئی نظام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کویت میں قائم سفارتخانے میں نادرا کے عملے کی طرف سے رشوت لینے کی شکایات ہیں۔ سیٹزن پورٹل پر رشوت ستانی کی شکایت پر سفیر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
انہوں نے سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانے کے اندر فراڈ ہو رہا ہے لیکن سفیر کوئی کارروائی نہیں کر رہا۔ پاکستانی سفارتخانوں کی طرف سے شکایات کے ازالے کے بجائے روایتی جواب دیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر سیٹزن پورٹل کو سفارتخانوں سے لنک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک خصوصی آفیسر تعنیات کیا جائے جو صرف شکایات کی نگرانی کرے۔
