*** روزنامہ خبر ترک : ” ہم جنگی ڈرون طیارے کو 2023تک اڑانے کا پروگرام رکھتے ہیں” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے کل قومی اسمبلی میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے گروپ اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ ” ہم انشاء اللہ 2023 میں اپنے جنگی ڈرون طیارے کو اڑانے کا ارادہ رکھتے ہیں”۔
*** روزنامہ صباح:” وزیر خارجہ چاوش اولو یونان کے دورے پر” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کل پارٹی کے گروپ اجلاس سے قبل جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ موصول ہونے والے دعوت نامے کے جواب میں وہ31 مئی بروز سوموار یونان کا دورہ کر رہے ہیں۔ یونان میں اپنی مصروفیات کے دائرہ کار میں چاوش اولو دارالحکومت ایتھنز اور سیلانیک کا دور ہ کریں گے۔
*** روزنامہ ینی شفق: ” آذربائیجان کے لئے بارودی سرنگوں کی صفائی کے 5عدد میکانک آلات” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ ترکی وزارت دفاع کے کل جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت دفاع کی فوجی کمپنی ASFAT کے تیار کردہ 5 عدد میکانک مائن کلینزر آلات آذربائیجان کے حوالے کر دئیے گئے ہیں۔
*** روزنامہ وطن: "نئی بائیون ٹیک ویکسین ترکی پہنچ گئی ہے” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ وزیر صحت فخر الدین قوجا نے کہا ہے کہ اس سے قبل رُکا ہوا 120 ملین خوراکوں پر مشتمل فائزر۔بائیون ٹیک ویکسین کا سمجھوتہ نافذ العمل ہونے کے بعد کل ویکسین کی پہلی کھیپ لے کر طیارہ دارالحکومت انقرہ پہنچ گیا ہے۔ ویکسین کو، خصوصی ڈیپ فریزر کنٹینروں کے ذریعے وزارت صحت کے ویکسین اور ادوایات ڈپو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
*** روزنامہ اسٹار: ” ترکی کے شہد نے ۴۰ ممالک کا منہ میٹھا کر دیا” کی سرخی سے لکھتا ہے کہ رواں سال کے جنوری۔اپریل کے دورانیے میں ترکی سے، امریکہ، جرمنی، کویت اور بیلجئیم سمیت کُل 40 ممالک کو 95 لاکھ 42 ہزار 306 ڈالر مالیت کا شہد برآمد کیا گیا ہے۔
