وفاقی جرمن وزیر صحت ژانز اشپاہن کے مطابق کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے مراکز کی سخت تر نگرانی کی ضرورت ہے۔
جرمن ٹیلی وژن پر اپنے ایک بیان میں وزیر صحت نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کرنے والے نجی مراکز کا اضافی کنٹرول اشد ضروری ہے۔
اشپاہن کا کہنا تھا کہ وہ برلن میں بیٹھ کر ملک بھر میں کورونا ٹیسٹنگ مراکز کی نگرانی نہیں کر سکتے جبکہ ایسا کرنا صرف مقامی محکمہ صحت کی سطح پر ہی ممکن ہے۔
جرمن وزیر صحت اس بارے میں آج تمام صوبائی وزرائے صحت سے بات چیت بھی کرنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور جنوبی صوبے باویریا میں کورونا ٹیسٹنگ مراکز میں بِلنگ سے متعلق فراڈ کے واقعات سامنے آئے تھے۔
