English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو 4.5 ارب ڈالر قرض فراہم کرے گا

اسلام آباد: پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک سے 4.5 ارب ڈالر کا قرضہ حاصل کریگا جب کہ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک ( آئی ڈی بی ) کے درمیان 3سالہ فریم ورک ایگریمنٹ پر دستخط ہوگئے ہیں جس کے تحت بینک تیل اور گیس کی درآمد کے لیے 4.5 ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ فراہم کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزارت اقتصادی امور کے اعلامیہ کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے تجارتی سرگرمیوں کے لیے قرضہ مہیا کرنے والے ذیلی ادارے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن ( آئی ٹی ایف سی ) نے پاکستان کو خام تیل، ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات، ایل این جی اور یوریا جیسی بنیادی اشیاء کی درآمد کے لیے 3سال کے دوران 4.5 ارب ڈالر کا قرضہ فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب آن لائن منعقد کی گئی جس میں آئی ٹی ایف سی کے سی ای او ہانی سلیم سونبول اور سیکریٹری اقتصادی امور نوراحمد نے معاہدے پر دستخط کیے۔ وزیراقتصادی امور عمرایوب خان بھی اس تقریب میں ورچوئل طور پر موجود تھے۔

معاہدے کے تحت حاصل ہونے والی قرضے کی رقم سے پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او)، پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ ( پارکو) اور پاکستان ایل این لمیٹڈ ( پی ایل ایل) خام تیل، ریفائنڈپٹرولیم مصنوعات اور ایل این جی درآمد کریں گی۔

اس موقع پر عمرایوب خان نے قرض کی فراہمی پر آئی ٹی ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔ وزارت اقتصادی امور کے مطابق حکومت نے 2018-20 کے عرصے کے لیے بھی اتنی ہی مالیت کے قرض کے معاہدے پر دستخط کیے تھے مگر اس عرصے کے دوران 2.5 ارب ڈالر ( 55 فیصد ) قرضہ ہی کام میں لایا جاسکا تھا۔ حکومت سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کے بجائے 83.3 کروڑ ڈالراستعمال کرسکی تھی۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق اس کی وجہ کورونا کی وبا کا پھوٹ پڑنا اور تیل کی کم ہوتی قیمتیں تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے