پاکستان نے بھارتی حکام کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں عیدالاضحیٰ کے اجتماعات اور جانوروں کی قربانی پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل مسلمانوں کے جذبات کی توہین اور تعصب کی عکاسی کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب یہ رپورٹس منظر پر آئیں کہ وادی میں فوجی محاصرے اور پابندیوں کی وجہ سے وہاں کے رہائشی نماز عید بھی ادا نہیں کر سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکام کی جانب سے عیدالاضحی ٰ کے موقع پر اجتماعات اور جانوروں کی قربانی پر پابندیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تاریخ کے اہم ترین دن کے موقع پر نماز عید اور مذہبی اجتماعات پر پابندی بھارتی حکومت کی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے جذبات کی توہین اور تعصب کی عکاسی کرتی ہے اور یہ مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگر اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے مذہبی اور آزادی کے حق کو غصب اور بین الاقوامی قوانین اور کنونشنز کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہیے کہ ایسے اقدامات کشمیریوں کی خواہش اور آزادی کے جذبات کو نہیں دبا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے جس کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداوں میں وعدہ کیا گیا ہے۔

